15 جون 2009 - 19:30

امریکی خفیہ ایجنسیاں براہ راست جند اللہ کی مدد کرتی ہیں سابق چیف آف آرمی کا ایرانی خبر رساں ادارے کو انٹرویو

اہل البیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق سابق پاکستانی آرمی چیف جنرل(ر)مرزا اسلم بیگ نے کہا ہے کہ امریکہ جند اللہ کی مدد کر کے ایران کو عدم استحکام کا شکار کر نے کی سازش کر رہا ہے ایرانی خبر رساں ادارے ’’ارنا‘‘ کو دئیے گئے ایک انٹرویو میں جنرل(ر)مرزا اسلم بیگ نے کہا کہ جند اللہ کی مدد سے ایران میں شہریوں اور سیکورٹی اہلکاروں پر حملے کروا کے امریکہ ایران کو عدم استحکام کا شکار کر نے کی سازش کر رہا ہے اس مقصد کے لئے امریکی خفیہ ایجنسیاں براہ راست جند اللہ کی مدد کرتی ہیں ۔جنرل(ر)مرزا اسلم بیگ نے افغانستان میں گزشتہ 8 سالوں سے امریکی موجودگی کے نقصانات بتاتے ہوئے کہا کہ ایران نے افغانستان میں مثبت اقدامات کئے ہیں اسی طرح سے ایران پاکستان کے تعاون سے امریکہ کی سازشوں کو بھی ناکام بنا سکتا ہے انہوں نے کہا کہ ہر کوئی جانتا ہے کہ خطے کی سیکورٹی کے حوالے سے کسی بھی قسم کی فیصلہ سازی میں ایران کا اہم کردار ہے۔

جنرل ریٹائرڈ اسلم بیگ کے انٹرویو کی اہم جھلکیاں:

  • ایران اور پاکستان کی علاقائی یکجہتی تعمیری اور پائیدار ہے

  • ایران کا کردار علاقائی مسائل حل کرنے کے حوالے سے نہایت اہم ہے اور علاقے کے مسائل علاقے کے ممالک کے ہاتھوں حل ہونے چاہئیں تا ہم بیرونی دنیا سے آنے والے کھلاریوں کا کردار محض تناؤ اور مسائل میں اضافے کا باعث ہورہا ہے.

  • ایران اور پاکستان کے درمیان گہری تہذیبی، تاریخ، قومی اور دینی و مذہبی مشابہتیں پائی جاتی ہیں اور یہ عوامل یکجہتی کے عمل میں تیز رفتاری کا سبب اور آج کی دنیا کے لئے مثالی حیثیت اختیار کرسکتے ہیں.

  • ڈاکٹر احمدی نژاد اور آصف علی زرداری کی جانب سے دو ملکوں کے درمیان برادرانہ تعلقات میں امن و استحکام اور ترقی کے کردار پر تأکید ثابت کرتی ہے کہ دو ملکوں کے درمیان سیاسی اور معاشی قربتوں کی بدولت خطے کے دو کھوئے ہوئے حلقوں کو متصل کرسکتے ہیں.

  • ہمیں بیرونی دنیا کی آج جو ضرورت ہے اس کا علاج علاقائی وسائل سے استفادہ کرکے کیا جاسکتا ہے اور یہی واحد راہ حل ہے کیونکہ بیرونی دنیا سے برآمد شدہ منصوبے علاقائی مسائل خاص طور پر افغانستان اور پاکستان کے مسائل میں مزید پیچیدگیوں کا سبب بنے ہوئے ہیں.

  • اسلامی جمہوریہ ایران اس خطے کے مستحکم ممالک میں سے ہے جس نے علاقے میں امن و صلح کی برقراری میں تسلسل کے ساتھ مثبت کردار ادا کیا ہے. 

  • ایران مشرق وسطی کے قلب میں واقع ہے اور جنوب مغربی ایشیا کا نہایت اہم ملک ہے جو اپنے سیاسی اور معاشی اہمیت اور مغربی ایشیا کے ممالک کے ساتھ مستحکم روابط کی بدولت علاقے کی یکجہتی اور اتحاد اور امن و امان اور معیشت جیسے شعبوں میں علاقائی تعاون کے اہم ہدف کے حصول میں نہایت اہم کردار ادا کرسکتا ہے.

  • دوستی پائپ لائن تہران اور اسلام آباد کے قریبی رشتوں کو مزید مستحکم کرے گی اور واشنگٹن کے شدید دباؤ کے باوجود پائپ لائن کے سلسلے میں دو طرفہ معاہدے پر ایران اور پاکستان کے دستخطوں سے ثابت ہوا کہ دونوں ممالک اپنی قومی اور علاقائی حیات کو قائم و دائم رکھنے کے لئے تزویری تعاون جاری رکھنے کے حوالے سے پر عزم ہیں. 

  • انہوں نے پاکستان میں امریکی مداخلت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ واشنگتن دیگر ممالک پر تسلط جمانے کے لئے غیر جمہوری ہتھکنڈے استعمال کرتا ہے. 

  • پاکستان کے قبائلی علاقوں پر امریکی ڈرون حملے پاکستان کی حاکمیت کی کھلی خلاف ورزی ہے اور ملت پاکستان مناسب موقع پاکر اپنے قومی مفادات اور امن و امان پر یلغار کرنے والے بیرونی ممالک کا جواب دے گی.

  • پاکستان کے دارالحکومت میں اٹھتر کروڑ ڈالر کی لاگت سے امریکی سفارتخانے کا توسیعی منصوبہ در حقیقت پورے ملک میں امریکی جاسوسی نیٹ ورک پھیلانے کے مترادف ہے.

  • ہمیں امید ہے کہ ایران اور پاکستان یکجہتی اور اتحاد کے ذریعے علاقے کے ممالک کے خلاف بیرونی قوتوں کی سازشوں کو ناکام بنائیں گے.